سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے جنرل ایریا سمبازہ میں 7 اور 8 اگست 2025 کو کی گئی کامیاب کارروائی کے بعد مزید 14 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ اس نئی کارروائی کے بعد دو روز میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی کل تعداد 47 ہو گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب پاکستان-افغانستان سرحد کے قریب سمبازہ کے گرد و نواح میں ایک مربوط کلیرنس آپریشن کیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران مزید 14 دہشت گردوں کا سراغ لگا کر انہیں کامیابی سے ختم کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
اس سے قبل، 7 اور 8 اگست کو کی گئی کارروائی میں 33 خوارج مارے گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔