خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے علاقے سورغر میں ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت کالعدم تنظیم داعش کے ایک اہم کمانڈر عبدالمالک کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالمالک کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق، مقتول دہشت گرد کمانڈر کا تعلق مقامی قبیلے سے تھا اور وہ حکومت کو دہشت گردی اور دیگر جرائم کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عبدالماک کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور قاتلوں کی تلاش جاری ہے۔ مذکورہ دہشتگرد پشاور پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے اندوہناک خودکش حملے کی سہولتکاری میں مطلوب تھا۔ یاد رہے کہ اس حملے میں کئی درجن افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دہشت گرد کی ہلاکت سے علاقے میں داعش کی سرگرمیوں میں کمی ہو سکتی ہے۔