بدھ کے روز بھارت کے ریاست راجستھان کے علاقے چورو کے قریب بھارتی فضائیہ کا ایک جیگوار لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ ہلاک ہو گئے۔ بھارتی فضائیہ نے تصدیق کی کہ یہ حادثہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔
بھارتی حکام کے مطابق برطانوی-فرانسیسی ساختہ یہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1:25 بجے ایک کھیت میں گرا ہے۔
بھارتی فضائیہ نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ بھارتی فضائیہ کا ایک جیگوار ٹرینر طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران ایک حادثے کا شکار ہوا اور حادثے میں دونوں پائلٹ جانبر نہ ہو سکے۔
بھارتی فضائیہ نے مزید کہا کہ بھارتی فضائیہ جانوں کے ضیاع پر گہرا افسوس کا اظہار کرتی ہے اور غم کے اس وقت میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
بھارتی فضائیہ نے بتایا کہ حادثے میں کسی شہری املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری قائم کر دی گئی ہے۔ طیارے نے سورت گڑھ ایئربیس سے دو پائلٹوں کے ساتھ پرواز بھری تھی۔
اگرچہ بھارتی فضائیہ نے گہرے افسوس کا اظہار کیا اور ہلاک ہونے والے پائلٹوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے، مگر واقعہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں کے حالیہ حادثات کے سلسلے میں ایک اور اضافہ ہے۔
اس سال کے شروع میں راجستھان میں ایک تیجس ہلکا لڑاکا جیٹ بھی گر کر تباہ ہوا تھا اور مئی میں بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے تصدیق کی تھی کہ حالیہ تنازعے کے دوران پاکستان نے ان کے کئی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔ پاکستان نے کہا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے چھ جیٹ طیارے مار گرائے گئے تھے۔