چینی فضائیہ کے سربراہ کی ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد، پاک فضائیہ کی کارکردگی کی تعریف

پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ نے منگل کو ایک وفد کے ہمراہ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں اس کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ چینی ایئر چیف نے تربیت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق:

لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں خاص طور پر فضائی طاقت اور آپریشنل ہم آہنگی کے شعبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایئر چیف نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور لازوال تعلقات ہیں جو باہمی اعتماد، سٹریٹجک ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ خواہشات پر مبنی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ کو پاک فضائیہ کے جدید فورس سٹرکچر، سٹریٹجک اقدامات اور اس کے آپریشنل نظریے کے ارتقاء کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔ ایئر چیف نے دونوں فضائی افواج کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتے کی بھی تصدیق کی اور تربیت، ٹیکنالوجی اور آپریشنل شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

جنرل وانگ گینگ نے پاک فضائیہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری اور جدید ترین صلاحیتوں کو سراہا۔ وہ خاص طور پر پاک فضائیہ کی ملٹی ڈومین آپریشنز کی ہموار ہم آہنگی سے متاثر ہوئے جسے انہوں نے جدید فضائی جنگ کی ایک اہم خصوصیت قرار دیا اور ملٹی ڈومین آپریشنز میں پاک فضائیہ کے جنگی تجربے سے سیکھنے میں پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ پاک فضائیہ کی قیادت کی پیشہ ورانہ بصیرت اور سٹریٹجک دور اندیشی کی تعریف کرتے ہوئے معزز مہمان نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی مثالی کارکردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے ایئر چیف کی پختہ قیادت میں پاک فضائیہ کے پائلٹوں کے فیصلہ کن اور نپے تلے ردعمل کی تعریف کی ہے جسے انہوں نے بلااشتعال جارحیت کے مقابلے میں درستگی، نظم و ضبط اور ہمت کی ایک بہترین مثال قرار دیا ہے۔

یہ ملاقات پاکستان اور چین کے دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری کو گہرے تعاون اور اختراع پر مبنی اشتراک کے ذریعے آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں