پشاور میں پولیس اہلکار نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید، واقعہ کی تحقیقات کا حکم

خیبر پختوانخوا کے صدر مقام پشاور کے علاقے تھانہ مچنی گیٹ کی حدود میں ایک پولیس اہلکار پر نامعلوم دہشت گردوں کی طرف سے فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقع پر شہید ہو گیا۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے تلارزئی پل کے قریب جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعے کی جلد از جلد شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد، انوسٹی گیشن حکام اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے موقع پر پہنچ کر تفتیشی ٹیم کی جانب سے اکٹھے کیے گئے شواہد کا بغور معائنہ کیا اور جائے وقوعہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے مرعوب نہیں ہوگی اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے کوشاں پولیس فورس کو دہشت گردی کے خلاف بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ حالیہ دنوں جاری ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال 80 پولیس اہلکار شہید جبکہ 130 زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں