خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے طورخم سرحدی گزرگاہ سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سینکڑوں افغان شہری رضاکارانہ طور پر اور دستاویزات کی کمی پر ملک بدر کیے گئے۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پی او آر کارڈز رکھنے والے 505 افغان شہری رضاکارانہ طور پر افغانستان واپس جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ افغان سٹیزن کارڈز رکھنے والے 58 افراد بھی واپس لوٹے ہیں۔ یکم اگست سے اب تک 924 پی او آر کارڈ رکھنے والے افغان شہری واپس جا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 43,944 اے سی سی کارڈ کے حامل افغان شہری بھی وطن واپس جا چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بغیر سفری دستاویزات کے 643 افغان شہریوں کو پاکستان سے ملک بدر کیا گیا۔ یہ کارروائی حکومت کی غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف پالیسی کے تحت کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ 2023 سے لاکھوں افغان پناہ گزین واپس افغانستان بھجوایا جا چکا ہے اور واپسی کا یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔