خبر رساں ادارے جیو نیوز کے مطابق منگل کے روز خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں ایک آپریشن کے دوران کم از کم آٹھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ یہ کارروائی منگل کی صبح سیکیورٹی فورسز کی ایک پارٹی کو دھماکے سے نشانہ بنائے جانے کے بعد کی گئی ہے۔
دوپہر کو علاقے میں شدید جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔ خبر رساں ادارے دی خراسان ڈائری نے رپورٹ کیا کہ گن شپ ہیلی کاپٹر بھی علاقے کے اوپر پرواز کر رہے تھے۔
سرکاری ذرائع نے بعد میں انکشاف کیا ہے کہ آپریشن کے نتیجے میں آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل ایسی ویڈیوز سامنے آئی تھیں جن میں عسکریت پسندوں کو علاقے میں کھلے عام گھومتے پھرتے دیکھا جا سکتا تھا۔ منگل کو دی خراسان ڈائری کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی ایک بلاکنگ پارٹی کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس میں چار سیکیورٹی زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کلئیرنس آپریشن مبینہ طور اسی جگہ شروع کیا گیا جہاں انہیں نشانہ بنایا گیا تھا۔