سی ٹی ڈی پنجاب کی بڑی کارروائی، کلعدم ٹی ٹی پی کہ 2 اہم کمانڈر سمیت 10 دہشت گرد گرفتار

| شائع شدہ |14:56

پنجاب کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک بڑے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنانے بناتے ہوئے متعدد کالعدم تنظیموں کے 10 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ہفتے کے روزسی ٹی ڈی کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ پنجاب کے متعدد اضلاع میں 73 انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کے دوران کی گئی گرفتاریوں میں خوشاب اور راولپنڈی میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دو اہم کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے انکشاف کیا کہ آپریشنز کے نتیجے میں ایک بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا جس میں 2690 گرام دھماکہ خیز مواد، 19 ڈیٹونیٹرز، 35 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ (آئی ای ڈی) جبکہ کلعدم تنظیموں کے پمفلٹس اور میگزین، موبائل فونز اور نقدی شامل ہیں۔

ترجمان نے گرفتار کیے گئے کچھ دہشت گردوں کی شناخت ریاض، شفیق، رشید، زہیرالدین، حافظ اور آصف کے نام سے کی جن کا تعلق فتنہ خوارج گروپ سے بتایا گیا۔ فتنہ خوارج گزشتہ سال سے ٹی ٹی پی سمیت عسکریت پسند گروہوں کے لیے حکومتی اصطلاح ہے۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد لاہور اور پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں اہم عمارتوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ مشتبہ افراد کے خلاف 10 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔

ٹارگٹیڈ آپریشنز کے علاوہ سی ٹی ڈی نے مقامی پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے تعاون سے اس ہفتے 758 کمبینگ آپریشنز بھی کیے۔ ان آپریشنز میں 30,394 افراد کی چھان بین کی گئی 107 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 102 ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 70 بازیابیاں ہوئیں۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے محکمے کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پنجاب کے اندر لوگوں کی سلامتی اور حفاظت کو یقینی بنائے گا جبکہ دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو گرفتار کرنے کے  اقدامات جاری رکھے گا۔

اسلام آباد کے ایک تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی ایک رپورٹ کے مطابق فروری 2025 میں پورے ملک میں 79 دہشت گردانہ حملے ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں کل 156 دہشت گرد ہلاک اور 66 کو گرفتار کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں