پنجاب پولیس کی بروقت کارروائی، لکھانی پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام

| شائع شدہ |13:23

 ہفتے کے روز پنجاب اورخیبر پختونخواہ سرحد پر واقع لکھانی پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے ایک بڑے حملے کو پنجاب پولیس نے ناکام بنا دیا۔ 

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق 15 سے 20 دہشت گردوں نے سحری کے وقت خیبرپختونخوا کی سرحد کے ساتھ واقع چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کیا۔ حملے میں دہشت گردوں نے چاروں اطراف سے راکٹ لانچرز اور بھاری اسلحہ کا استعمال کیا۔ 

تاہم پولیس  نے تھرمل امیجنگ کیمرے کے استعمال سے دور سے ہی دہشت گردوں کا پتہ لگا لیا۔ مشین گنز اور مارٹر  کی  فوری جوابی کارروائی نے دہشت گردوں کو چیک پوسٹ پر قبضہ کرنے سے پہلے ہی پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ 

ترجمان نے بتایا کہ موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ یہ اسی مقام پر ایک ہفتے کے اندر دہشت گردوں کا دوسرا ناکام حملہ ہے۔اسی چیک پوسٹ پر چھ دن قبل اسی طرح کا ایک حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔ 

اس آپریشن کی قیادت ڈیرہ غازی خان کے آر پی او، کیپٹن (ریٹائرڈ) سجاد حسن خان نے کی۔ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں کوئک ریسپانس فورس کی بیک اپ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ 

پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور نے ملوث افسران کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پنجاب پولیس کی طرف سے ناکام بنایا گیا 19 واں حملہ ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کو شکست دینے اور عوام کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کے عزم کو دہرایا۔ آئی جی  نے  زور دیا کہ پنجاب-خیبر پختونخواہ سرحد پر واقع چیک پوسٹس کو جدید ترین اسلحہ کی فراہمی نے ان حملوں کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 

ڈیرہ غازی خان کے آر پی او نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے سرحدی علاقوں میں دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مشترکہ سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں  کے چوکس رہنے سے دہشت گردوں کو ان کے مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں