بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن، چار دہشتگرد ہلاک، ایک اہلکار شہید

بنوں کے تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع علاقے ممند خیل میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ کیا، جس کے نتیجے میں چار دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار عابد خان شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار سمیت 9 اہلکار زخمی اور چار عام شہری فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا۔

آپریشن کے دوران شہید اہلکار عابد خان نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی نمازِ جنازہ پولیس لائن بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی، ایس پی سٹی توحید خان، ایس پی انویسٹی گیشن ساجد ممتاز، پاک آرمی کے افسران، کمشنر بنوں ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، شہید کے ورثاء، پولیس افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر افسران نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کے ہار چڑھائے اور سلامی پیش کی۔

ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے کہا کہ بنوں پولیس شہید اہلکار کے خون کا بدلہ ضرور لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن مزید تیز کیا جا رہا ہے اور پولیس ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہماری پہچان اور فخر ہیں، جنہوں نے ملک و قوم کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد اور ان کے سہولت کار اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ بنوں پولیس ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ علاقے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں