جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے کانیگرم میں پیر روخان پبلک اسکول میں یومِ دفاع کے حوالے سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب سیکیورٹی فورسز کے تعاون سے منعقد ہوئی، جس میں مقامی ونگ کمانڈر، علاقے کے عمائدین، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر طلبہ نے یومِ دفاع اور عیدِ میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے جذبہ سے بھرپور تقاریر پیش کیں۔ طالبات نے ملی نغموں کے ذریعے اپنے ملک سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ونگ کمانڈر نے پاک فوج اور مقامی عوام کی قربانیوں کی تعریف کی اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کی خدمات کو سراہا اور طلبہ کو تعلیم پر توجہ دینے کی تلقین کی۔ ونگ کمانڈر نے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ سخت محنت اور لگن سے کام کریں تاکہ وہ ملک کے روشن مستقبل کے معمار بن سکیں۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ یہ تقریب امن اور قوم کے اتحاد کی بہترین مثال تھی۔