امریکی سلامتی مشیر کا اسحاق ڈار کو فون، پاکستان کی انسداد دہشتگردی کارروائیوں پر تعریف

| شائع شدہ |11:15

بدھ کے روز نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز کے درمیان ٹیلی فونیک بات چیت  ہوئی ہے۔ گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ۔

امریکی سلامتی کے مشیر نے صدر ٹرمپ کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلسل کاوشوں پر شکریہ کا اظہار کیا۔

سینیٹر ڈار نے والٹز کو ان کی نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ٹرمپ انتظامیہ کے تحت امریکہ کے ساتھ پاکستان کے طویل عرصے سے قائم تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے امریکہ کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کی تصدیق کی اور خاص طور پر صدر ٹرمپ کے افغانستان سے باقی امریکی فوجی سازوسامان واپس لینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

دہشت گردی کے علاوہ بات چیت میں دوطرفہ تعاون کے کئی اہم شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور معدنی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم کیا۔

انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور صحت کے معاملات پر بات چیت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ مستقبل میں تعاون کا ایک وسیع ایجنڈا تشکیل دیا جا سکے۔

واضح رہے کہ امریکی عہدیدار کی جانب سے یہ فون کال اس وقت ہوئی جب ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ شریف اللہ نامی داعش خراسان کے اہم رکن تھے کو پاکستان کی مدد سےگرفتارکیاگیا۔ شریف اللہ 2021 کے کابل ایئرپورٹ بم دھماکے میں ملوث تھا جس میں 13 امریکی فوجی اور 100 سے زائد افغان شہری ہلاک ہوئے تھے۔ شریف اللہ کو گرفتار کر کے امریکہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس پیشرفت کی تصدیق وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(سابق ٹویٹر) پر کی۔ وزیراعظم نے ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کی تعریف کی  اور پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کیا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں