خیبر پختونخواہ کے ضلع ٹانک کے ایک مصروف بازار میں دن دیہاڑے پولیس کی ایک وین پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ شہر کے مصروف ترین چرگانوں چوک پر پیش آیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے پولیس وین پر دستی بم پھینکا، جو زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس وین بے قابو ہو کر بجلی کے ایک کھمبے سے ٹکرا گئی۔ اس واقعہ میں زخمی ہونے والے تمام پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعہ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹانک بازار میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔