“اپنے جنگی طیاروں کا ملبہ یاد رکھو” پاک فوج نے بھارت کو خبردار کر دیا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اتوار کے روز بھارت کو اس کی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی اعلیٰ ترین سطح سے آنے والے "اشتعال انگیز اور جنگجویانہ بیانات” پر خبردار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس طرح کی بیان بازی جارحیت کے لیے من مانی بہانوں کو گھڑنے کی ایک نئی کوشش کی طرف اشارہ کرتی ہے، ایک ایسی حرکت جس کے "جنوبی ایشیا کے امن اور استحکام کے لیے سنگین نتائج” ہو سکتے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں بھارت کے وزیر دفاع، آرمی چیف اور ایئر چیف کی طرف سے جارحانہ ریمارکس کی اطلاعات ملی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا اعلامیہ نہ صرف مذمت میں دو ٹوک تھا بلکہ اس نے جوابی کارروائی کے عزم کا بھی واضح اظہار کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اگر تازہ تنازعہ شروع کیا گیا تو پاکستان "کسی تردد یا روک ٹوک کے بغیر” جواب دینے کے لیے تیار ہے اور خبردار کیا کہ مستقبل کا کوئی بھی تصادم "تباہ کن بربادی” کا باعث بن سکتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ "جو لوگ ایک نیا معمول قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں جان لینا چاہیے کہ پاکستان نے جوابی کارروائی کا ایک نیا معمول قائم کر دیا ہے۔” مزید کہا گیا کہ کوئی بھی ردعمل "تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن” ہوگا۔

فوجی ترجمان نے پاکستان کے اس عزم پر زور دیا کہ "بلا جواز خطرات اور لاپرواہ جارحیت” کی صورت میں وہ "دشمن کے علاقے کے ہر کونے میں لڑائی لے جائے گا۔” بھارت کی سمجھی جانے والی اسٹریٹجک گہرائی کو براہ راست چیلنج کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ "اس بار ہم جغرافیائی استثنیٰ کے افسانے کو چکنا چور کر دیں گے، اور بھارتی علاقے کے دور دراز مقامات کو بھی نشانہ بنائیں گے۔”

پاکستانی فوج نے بھارت کے دیرینہ "مظلومیت کارڈ کھیلنے” کے بیانیے کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ بھارت نے دہائیوں سے اس سے فائدہ اٹھایا ہے اور پاکستان کو منفی روشنی میں پیش کیا ہے۔ بیان میں بھارت کو جنوبی ایشیا میں بیک وقت تشدد کو ہوا دینے اور دہشت گردی کو فروغ دینے کا ریاست قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  یہ بیانیہ کافی حد تک بے نقاب ہو چکا ہے اور اب دنیا بھارت کو سرحد پار دہشت گردی کا اصل چہرہ اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز تسلیم کرتی ہے۔

اس سال کے شروع میں ہوئے فوجی تصادم کا حوالہ دیتے ہوئے جس نے دونوں ایٹمی حریفوں کو ایک بڑی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا، آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت "اجتماعی بھولنے کی بیماری” کا شکار ہے۔ بیان میں اس کے فائٹر جیٹ طیاروں کے ملبے اور پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ویکٹروں کے قہر کا خاص طور پر حوالہ دیا گیا اور آخر میں کہا گیا کہ بھارت ایک بار پھر تصادم کے "اگلے دور کا متمنی” دکھائی دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں