بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل زہری میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ ال ہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا اور کامیاب آپریشن انجام دیا ہے۔ سیکیورٹی زرائع کے مطابق اس کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جس سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سیکیورٹی زرائع نے آپریشن کے حوالے سے بتایا کہ نورگامہ، گزان، مشک، سرآپ، دھیزیری اور دیگر مقامات پر دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ان علاقوں سے دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہوئے ہیں اور اب وہاں پر سیکیورٹی رٹ مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے۔
زرائع کے مطابق علاقے میں امن و امان کی صورتحال بحال ہوگئی ہے۔ سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔
زرائع نے بتایا کہ مقامی عوام نے سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کو بھرپور سراہا ہے اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن بلوچستان میں امن کی بحالی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ عوام کا مؤقف ہے کہ اس کامیاب کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک کمزور پڑ گیا ہے اور علاقے کے رہائشیوں کو بہتر تحفظ مل سکے گا۔