خیبر پختنخواہ کے ضلع لوئر دیر کی تحصیل لال قلعہ میدان میں واقع گل پولیس چوکی (ایریاں سوری پاو) پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
یہ واقعہ اتوار کی رات تقریبا سوا نو بجے پیش آیا جب "فتنہ الخوارج” نامی دہشت گرد گروپ کے ارکان نے چوکی پر دستی بم پھینکا اور مینہ کرکٹ گراؤنڈ کی سمت سے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔
چوکی پر تعینات پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی اور وقفے وقفے سے فائرنگ والے مقام کی جانب فائرنگ کرتے رہے۔ حملے میں ایلیٹ پولیس کا کانسٹیبل عالمگیر زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔