وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ای سی او اجلاس میں ملاقات

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے جمعہ کے روز آذربائیجان کے شہر خنکندی میں 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی پچھلی ملاقات میں کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ملاقات میں حالیہ اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پزشکیان کی قیادت کو سراہا اور حالیہ بحران کے دوران جنگ بندی کے حصول کے لیے ایران کے فیصلے کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں امن کو فروغ دینے کے لیے ایران کے ساتھ بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے قریب سے کام کرنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر پزشکیان نے حالیہ بحران کے دوران، بین الاقوامی فورمز سمیت، ایران کے لیے پاکستان کی بھرپور سفارتی حمایت پر اظہار تشکر کیا اور تنازعہ کو کم کرنے میں پاکستان کے اہم کردار کو اجاگر کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی قیادت کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر کو نیک تمناؤں اور مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں