لکی مروت میں پولیس کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں مطلوب دہشت گرد کمانڈر ہلاک


خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کفایت اللہ عرف کفایتی کو ہلاک کر دیا۔ یہ آپریشن تھانہ لکی سٹی کے حدود میں واقع ناورخیل کے علاقے میں کیا گیا۔


ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی ہدایات پر، ڈی پی او لکی مروت نذیر خان کی قیادت میں پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم نے یہ کارروائی کی ہے۔ مقامی زرائع کے مطابق پولیس کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ مطلوب دہشت گرد کفایت اللہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ، بم حملوں اور دیگر دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے اور ایک نئے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
پولیس زرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل رضوان زخمی ہوا۔ پولیس نے بہادری سے جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ فائرنگ رکنے پر سرچ کے دوران ایک دہشت گرد کی لاش ملی جس کی شناخت کفایت اللہ عرف کفایتی کے نام سے ہوئی، جو پولیس اور

سیکورٹی فورسز پر حملوں میں مطلوب تھا۔ اس کے قبضے سے لوڈ شدہ کلاشنکوف اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی بہادری اور عزم کو سراہا اور کہا کہ ہمیں اپنے جوانوں پر فخر ہے۔ علاقے میں مزید کلیرنس سرچ آپریشن جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں