پنجاب میں دریاؤں کی سطح میں اضافے سے سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا

پنجاب میں 5 جولائی سے متوقع شدید مون سون بارشوں کے حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام دریاؤں اور پہاڑی ندیوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں ڈیرہ غازی خان میں سیلاب اور لاہور سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کو نمایاں کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی کنٹرول روم 24/7 فعال ہے اور ریسکیو 1122 جیسی ہنگامی خدمات بھی الرٹ پر ہیں۔

کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ وہ خطرناک راستوں، بالخصوص مری اور گلیات جیسے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے گریز کریں۔ پی ڈی ایم اے نے کمزور ڈھانچے والے عمارتوں میں رہنے، سیلابی پانی کے قریب جانے اور موسمی انتباہات کو نظر انداز کرنے سے خبردار کیا ہے۔

اتھارٹی نے خاص طور پر بجلی گرنے، چھتیں گرنے اور جمع شدہ بارش یا سیلابی پانی کے قریب بچوں کے خطرے کو اجاگر کیا ہے۔ پنجاب بھر میں 5 سے 10 جولائی تک مون سون کی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس میں زیادہ تر اضلاع میں شدید سے بہت شدید بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون کی مضبوط ہوائیں مغربی لہر کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر بارش، آندھی اور گرج چمک کا باعث بنیں گی جس میں سب سے زیادہ بارش راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اور سرگودھا میں متوقع ہے۔
بڑے شہروں کے نشیبی علاقے اور ڈی جی خان اور شمال مشرقی پنجاب میں پہاڑی ندیاں بپھرنے کے خطرے میں ہیں۔ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے بھی 8 جولائی تک پاکستان کے مختلف علاقوں کے لیے متعدد اثرات پر مبنی موسمی انتباہات جاری کیے ہیں، جس میں سیلاب، گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈز اور اربن فلڈنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے سے خبردار کیا گیا ہے۔

این ای او سی کو توقع ہے کہ ملک بھر میں دریاؤں کا بہاؤ بڑھے گا خاص طور پر دریائے کابل نوشہرہ میں معاون ندیوں میں اضافہ پانی کی بہاو کی وجہ سے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد کم سیلاب کی حد تک پہنچ سکتی ہے۔
گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں زیادہ درجہ حرارت سے گلیشیئرز اور برف پگھلنے میں تیزی آنے کے باعث جی ایل او ایف ایس اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں