لکی مروت میں پاک فوج اور پولیس کا ‘دہشت گردوں کے ٹھکانے’ پر کامیاب مشترکہ آپریشن

خیبر پختونخوا کے  ضلع لکی مروت میں دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پاک فوج اور پولیس نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف ایک کامیاب مشترکہ آپریشن کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر، پاک فوج کے بریگیڈیئر کمانڈر حیدر علی اور ڈی پی او لکی مروت نزیر خان نے حساس علاقوں پہاڑ خیل پکہ، شیری خیل، لنگرخیل پکہ، اور غازی خیل میں مشترکہ آپریشن کی خود قیادت کی ہے۔

آپریشن کے دوران، پاک فوج اور پولیس کی ٹیموں نے علاقے کی مکمل سرچنگ اور نگرانی کی، اور ہر مشکوک جگہ کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی تاکہ فتنہ الخوارج کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

آپریشن کے بعد، ڈی پی او نزیر خان اور بریگیڈیئر حیدر علی نے فیلڈ میں موجود افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور نقد انعامات بھی تقسیم کیے۔

اس موقع پر، بریگیڈیئر حیدر علی نے واضح کیا کہ

"ملک دشمن عناصر کا خاتمہ پاک فوج اور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔”

اس موقع پر ڈی پی او نزیر خان نے اپنے جوانوں کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ "لکی مروت پولیس دہشت گردی کے خلاف ہراول دستے کے طور پر کھڑی ہے، اور پاک فوج اور پولیس عوام کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔”

بعد ازاں، دونوں اعلیٰ افسران نے تھانہ پیزو، شہبازخیل، اور غزنی خیل کا دورہ کیا اور آپریشن میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کو نقد انعامات اور راشن تقسیم کیا۔ انہوں نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاک فوج اور پولیس مل کر ہر جگہ ان کا پیچھا کرے گی اور ضلع لکی مروت سے ان دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔’

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں