پروف آف رجسٹریشن کارڈز رکھنے والے افغان شہریوں کو فوری ملک بدر کیا جائے، وزارت داخلہ کی ہدایات جاری

| شائع شدہ |11:12

وفاقی حکومت نے بڑے پیمانے پر وطن واپسی کی کارروائی کا اعلان کیا ہے جس میں ان افراد کو واپس بھیجا جائے گا جن کے رجسٹریشن کے ثبوت (پی او آر) کارڈز کی میعاد 30 جون 2025 کو ختم ہو گئی تھی۔
وزارت داخلہ اور انسدادِ منشیات نے فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت ان افراد کی گرفتاری، حراست اور ملک بدری کو بااختیار بنانے کے لیے ایک ملک بدری/جلاوطنی کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔
اس حکم نامے میں وفاقی حکومت کی جانب سے منظور شدہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے پر عمل درآمد کا حوالہ دیا گیا ہے۔ پی او آر کارڈز کی میعاد ختم ہونے سے ان کے حاملین کا ملک میں قیام غیر قانونی ہو گیا ہے۔
ضلعیانتظامیہ، پولیس، پراسیکیوشن، اور جیل ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر حکام کو ضروری اقدامات کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ یہ حکم نامہ خاص طور پر ان غیر ملکیوں کے لیے ہے جو اس وقت فارنرز ایکٹ 1946 کی دفعہ 14 بی کے تحت زیرِ سماعت ہیں یا سزائیں کاٹ رہے ہیں۔
تاہم، اس میں یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ ان افراد کی وطن واپسی کا اطلاق نہیں ہوگا جن پر فارنرز ایکٹ کے دائرہ کار سے باہر کے جرائم کے تحت الزامات ہیں یا وہ سزائیں کاٹ رہے ہیں۔
دریں اثنا، درست ویزا رکھنے والے افغان شہریوں کو پاکستان میں رہنے کی اجازت ہوگی۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں