باجوڑ کے مزید 5 علاقے دہشتگردوں سے کلیئر، نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی واپسی شروع

خیبرپختونخوا کے ضلع  باجوڑ میں امن و امان کی بحالی کے لیے جاری کوششوں کے دوران بدھ مزید پانچ اہم علاقوں کو دہشت گرد عناصر سے مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد، ان علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کو واپس اپنے آبائی گھروں کو لوٹنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق، جن علاقوں کو آج دہشت گردوں سے پاک قرار دے کر واپسی کی اجازت دی گئی ہے ان میں دواوگئی، اگرہ، ایراب، لرہ زگئی اور خوڑ چنی شامل ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے ان علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ اہم فیصلہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر واضح کیا کہ باقی علاقوں کے متاثرین کی واپسی کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا، تاہم یہ واپسی مرحلہ وار ہوگی اور ہر علاقے کی مکمل کلئیرنس سے مشروط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مکمل چھان بین اور علاقے کو محفوظ قرار دینے کے بعد ہی باقی ماندہ متاثرین کو واپسی کی اجازت دی جائے گی تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں کہ باجوڑ کے تمام علاقوں میں مکمل امن بحال کیا جائے گا اور تمام نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو باعزت طریقے سے اپنے گھروں میں واپس لوٹنے کا موقع ملے گا۔

مقامی انتظامیہ نے قبائلی عمائدین اور عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کی بحالی کے لیے عوام کا ساتھ ناگزیر ہے۔ تمام شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واپسی کے دوران انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کریں

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں