بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائیوں کے نتیجے میں بالآخر زہری بازار نورگامہ سمیت خضدار اور دیگر قریبی علاقوں کا زمینی رابطہ بحال کر دیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے علاقے سے فرار اور فورسز کے مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد شہریوں نے اطمینان اور راحت کا اظہار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، حکام نے تاجروں اور شہریوں کے ساتھ مشاورت کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر آئندہ تین دن تک سورج غروب سے لے کر سورج طلوع ہونے تک کرفیو نافذ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، زمینی رابطوں کی بحالی کے ساتھ ہی زندگی کے معمولات دوبارہ چلنا شروع ہوگئے ہیں اور عوام نے ایک بار پھر سکھ کا سانس لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے اندر مالیاتی ادارے اور سرکاری دفاتر بھی دوبارہ کھلنے کا امکان ہے، جس سے علاقے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔
انتظامیہ نے عوام سے تعاون جاری رکھنے اور کرفیو کے دوران احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد علاقے میں مزید امن اور استحکام کی امید پیدا ہو گئی ہے۔