جانی خیل میں تعمیراتی کام کرنے والے تین مزدور، مستری اور ڈرائیور اغواء  

| شائع شدہ |17:27

بنوں کے علاقے جانی خیل میں  تعمیراتی کام کرنے والے مستری اورتین مزدوروں کومسلح افراد نےپک اپ اورڈرائیورسمیت اغواء کرلیا۔


گنڈی خان خیل سے تعلق رکھنے والے انشاء اللہ خان نے رابطہ کرنے پربتایاکہ ان کے گاؤں گنڈی خا ن خیل سے تعلق رکھنے والے مستری ارشاد خان کوچارروز قبل نا معلوم مسلح افرادنے اغواء کیا۔وہ دیگرتین مزدوروں سمیت پک اپ ڈاٹسن میں روزانہ کا تعمیراتی کام ختم کرنے کے بعد واپس آرہے تھے۔


وہ جس پک اپ گاڑی میں آرہے تھے انہیں اسی گاڑی میں ڈرائیورسمیت اغواء کیاگیاہے۔ انہوں نے مزیدبتایاکہ اب ان کی بازیابی کیلئے مشران نے کوششیں شروع کردی ہیں۔


بتایاجارہاہے کہ سیدظاہرشاہ نامی شخص نے تعمیراتی کام کاٹھیکہ لیاتھا اوریہ سب ان کے ساتھ کام کررہے تھے۔اس واقعہ کی تصدیق کیلئے جب سیدظاہرشاہ سے رابطہ کیاتوانہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت بھی ایک اہم جرگے میں شریک ہیں اور فی الحال  ہماری کوشش ہے کہ مغویان کوباحفاظت بازیاب کرکے اپنے اپنے گھروں کوپہنچادیں۔اس سلسلے میں انہوں نے مزیدبات کرنے سے معذرت ظاہرکی۔


دیگرذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق مغویان میں گنڈی خان خیل سے تعلق رکھنے والے مزدوروں میں منیب خان،عطاء الرحمن اورسفیرا للہ خان بھی شامل ہیں۔جبکہ پک اپ ڈرائیورکا تعلق لکی مروت کے گاؤں شاہ طورہ تختی خیل سے ہے تاہم ابھی تک اس کا نام سامنے نہیں آیاہے۔


گنڈی خان خیل سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے بتایاکہ گاؤں میں مشران کاجرگہ جاری ہے جس کی ویڈیواورتصویربنانے کی اجازت نہیں دی جارہی لیکن جرگے میں بتایاگیاہے کہ نامعلوم مسلح افرادنے مستری اورمزدوروں کی رہائی کے بدلے میں دوکروڑ روپے تاوان کامطالبہ کیاہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں