اسحاق ڈار اور افغان ہم منصب کی بھارت کے ساتھ کشیدگی پر بات چیت

| شائع شدہ |18:25

منگل کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے۔ اس گفتگو میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، بشمول بھارت کے ساتھ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماوں نے 19 اپریل کو کابل کے دورے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے تجارت، رابطوں، اقتصادی تعاون، عوامی رابطے اور سیاسی مشاورتی میکانزم کو فعال کرنے میں پیش رفت کا ذکر کیا۔

امیر متقی اور اسحاق ڈار نے طویل مدتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ "نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ نے افغان قائم مقام وزیر خارجہ کو بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف حالیہ اشتعال انگیزی اور غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا، اور پاکستان کے امن کے عزم اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کا اعادہ کیا۔”

امیر متقی نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سفر میں آسانی پیدا کرنے میں مدد فراہم کرنے پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دوبارہ افغانستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

ڈار نے حالیہ دنوں میں بھارت کے ساتھ کشیدگی پر متعدد وزرائے خارجہ سے بات چیت کی ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھی بھارت کی اشتعال انگیزیوں پر بریفنگ دی ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں