سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی نے جمعہ کے روز وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی مسلسل حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ بعد میں وزیراعظم نے سفیر کو حالیہ واقعات پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے دہشت گردی کی تمام شکلوں میں سخت مذمت کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کی طرف سے عالمی سلامتی کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں پر زور دیا۔ انہوں نے پہلگام حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کے بھارتی الزامات کو ثبوت کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا اور شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔
بیان کے مطابق وزیر اعظم نے گزشتہ پندرہ مہینوں میں دوستانہ ممالک بشمول سعودی عرب کی حمایت سے حاصل ہونے والی اپنی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کے لیے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے ذریعے اس ترقی کو خطرے میں ڈالنا غیر منطقی ہوگا۔
وزیراعظم نے عرب اور دیگر دوست ممالک سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر زور دیں کہ وہ صورتحال کو پرسکون کرے اور کشیدگی کو کم کرے، اور جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی سفیر نے وزیر اعظم کے بصیرت افروز خیالات کو سراہا اور خطے میں امن اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔