وزیراعظم شہباز شریف کا ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن فتح کا عہد کیا ہے اور دہشتگردی کے خطرے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں امن و امان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کہی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم نے ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری جدوجہد پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اس کے دشمنوں کے دلوں میں خوف پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز، صوبائی حکومتوں اور تمام متعلقہ اداروں کی مضبوط انسداد دہشت گردی اقدامات کی تعریف کی ہے اور اس جنگ میں افسران اور سپاہیوں کی ان قربانیوں کو سراہا۔

شہباز شریف نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے تمام صوبوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں وفاقی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان انسداد دہشت گردی کے مشترکہ بیانیے کی تشکیل میں حوصلہ افزا تعاون کی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے کے لیے داخلی اختلافات پر قابو پانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس میں دیگر اہم سیکورٹی مسائل پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔ وزیراعظم نے اسمگلنگ کے خلاف کوششوں کو نمایاں طور پر تیز کرنے کی ہدایت کی اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا حکم دیا تاکہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے بڑے شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں کئی اہم اقدامات پر اپ ڈیٹس موصول ہوئیں۔ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) میں نیشنل اینڈ پروونشل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر کے قیام، اسلام آباد میں فرانزک سائنس ایجنسی کے قیام اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں جاری بہتری کے بارے میں بتایا گیا۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں