جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں بدھ کے روز ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان کے مطابق یہ اعزازات آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور قوم کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیے ۔
تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران اور ایوارڈ وصول کرنے والوں کے اہل خانہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان تمغوں میں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت شامل تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بعد از مرگ عطا کیے جانے والے تمغے شہداء کے اہل خانہ نے وصول کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیر نے شہداء اور سابق فوجیوں کو قوم کا فخر قرار دیا۔
جنرل منیر نے کہا کہ ان کا اعزاز اور احترام ہر پاکستانی پر ایک مقدس امانت ہے۔ آج ہم جس امن اور آزادی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں وہ ان بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
آرمی چیف نے ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے حوصلے اور استقامت کو بھی سراہا۔
جنرل منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کی بھی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران متعدد دہشت گردی کے خطرات کو ناکام بنانے اور اہم دہشت گردوں کو ختم کرنے کی ان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
مارچ 2025 دہشت گردی کے حوالے سے 2015 کے بعد سب سے خونریز مہینہ ثابت ہوا جس میں 86 سیکیورٹی فورسز کے اہلکار اور 78 عام شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔