افغانستان کے شمال مشرقی صوبےکندوز کے مرکزی شہر میں ایک خودکش حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔
افغانستان میں موجود خبر رساں ذرائع کے مطابق منگل کی صبح شمال مشرقی صوبہ کندوز کے شہر کندوز میں واقع کابل بینک کی ایک شاخ کے سامنے ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگوں کا ایک ہجوم بینک کے سامنے تنخواہ وصول کرنے کی غرض سے لائن میں جمع تھا۔
کندوز کے پولیس ترجمان جمعہ الدین خاکسار نے تصدیق کی کہ دھماکے میں طالبان کے اراکین سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ کچھ مقامی ذرائع نے ان اعداد و شمار سے زیادہ ہلاکتیں اور زخمیوں کی اطلاع دی ہے۔
کندوز میں موجود طالبان احکام نے خود کش دھماکے کی تصدیق کی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں عام شہری، سرکاری ملازمین اور بینک کا سیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہیں۔
جب سے طالبان حکومت برسر اقتدار آئی ہے خودکش حملوں کی ذمداری داعش خراسان قبول کرتا آ رہا ہے ۔ ایسے حملوں میں اضافے نے ملک کی سلامتی کی صورتحال کے بارے میں تشویش پیدا کر دی ہے۔