پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ 8 اور 9 فروری کو شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں دو الگ الگ کارروائیوں میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ۔
اتوار کے روز جاری کیے گئے بیان میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پہلا آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع پر علاقے مڈی میں کیا گیا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں سے ایک کی شناخت رحمت کے طور پر ہوئی جبکہ دو دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں کیا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار دہشت گرد ہلاک اورتین دہشت گرد زخمی ہوئے۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ان آپریشنز میں 7 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
وزیرِاعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے اور فورسز ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔