قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں منگل کے روز نامعلوم مسلح افراد نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے تین اہلکاروں کو ان کے گھروں سے اغوا کر لیا ہے۔
اہلکاروں کو سپینا میلہ، زانگڑہ سے اغوا کیا جو کہ بالائی جنوبی وزیرستان کے پولیس اسٹیشن تحصیل لدھا کی حدود میں آتا ہے۔ خبر کدہ کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اہلکاروں کو ایک نامعلوم مقام پر لے جایا گیا ہے۔
کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے دسمبر 2024 میں اعلان کیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس اہلکاروں کے لیے نوکری چھوڑنے کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے جس کے بعد انہوں نے اپنے جنگجوؤں کو سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ٹی ٹی پی کے اعلان کے بعد پولیس اہلکاروں پر حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے ۔ کئی پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر اپنے آبائی علاقے میں ان کے گھروں کے اندر بھی حملے کیے گئے ہیں یہاں تک کہ اہلکاروں کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ٹی ٹی پی کے سیکیورٹی اہلکاروں پر اس قسم کے حملوں کا مقصد پولیس اور ایف سی کے حوصلے پست کرنا ہے۔