وزیراعظم محمد شہباز شریف بدھ کے روز دو روزہ سرکاری دورے پر بحرین روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک وفد بھی موجود ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف اپنے دورے کے دوران بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ، ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ اور نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ آل خلیفہ سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس دورے کا مقصد پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ، خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان-بحرین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے پہلے اجلاس میں دونوں ممالک نے انسداد منشیات، انسداد دہشت گردی، ساحلی محافظوں کے آپریشنز، سرحدی سلامتی، امیگریشن اور پولیس تربیت جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا تھا۔ اس کے علاوہ، حوالگی، باہمی قانونی معاونت اور خصوصی بٹالین کی تربیت سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزیراعظم کے دفتر نے اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے روایتی تعلقات کو مزید تقویت دے گا، شراکت داری کے نئے راستے کھولے گا اور عوامی سطح پر روابط کو گہرا کرے گا۔