جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک

جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقہ غنڈک میں پیر کے روز سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف ایک اہم اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ آپریشن خفیہ انٹیلی جنس اطلاع پر کیا گیا جس میں سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔


ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے غنڈک کے علاقے کا مکمل محاصرہ کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ کارروائی میں متعدد دیگر دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔


سیکیورٹٰی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ کالعدم تنظیم فتنۂ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔


سیکیورٹی فورسز نے امن دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔ فورسز اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ علاقے کے عوام مکمل طور پر محفوظ ہوں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں