"امریکی سفارتکاری کی پختگی” پاکستان سے شراکت داری کی خواہاں، امریکی وزیر خارجہ کا تعلقات میں بہتری پر اطمینان

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کا موقع دیکھ رہا ہے اور ان تعلقات کی حالیہ مضبوطی کا اثر نئی دہلی کے ساتھ واشنگٹن کی دوستی پر نہیں پڑے گا۔

وزیر خارجہ روبیو نے یہ ریمارکس اتوار کے روز ایک پریس بریفنگ کے دوران دیے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا امریکہ اور پاکستان کے درمیان "مضبوط ہوتے تعلقات” پر بھارت نے کوئی تحفظات کا اظہار کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ ‘بھارت نے کوئی خاص تشویش ظاہر نہیں کی ہے وہ تاریخ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود کشیدگی کی وجہ سے فکرمند ہیں جو ایک فطری بات ہے۔ لیکن انہیں یہ سمجھنا ہو گا کہ امریکہ کے بہت سے ممالک کے ساتھ تعلقات ضروری ہیں۔’

انہوں نے زور دیا کہ "ہم پاکستان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کا موقع دیکھتے ہیں اور یہ ہمارا کام ہے کہ ہم ایسے ممالک تلاش کریں جن کے ساتھ مشترکہ مفادات پر کام کیا جا سکے۔”

روبیو نے واضح کیا کہ "میرا نہیں خیال کہ پاکستان کے ساتھ جو کچھ بھی ہم کر رہے ہیں وہ بھارت کے ساتھ ہماری دوستی یا تعلقات کے خرچے پر آ رہا ہے جو کہ گہرے، تاریخی اور اہم ہیں۔” انہوں نے بھارتی سفارت کاری کو بہت پختہ اور عملی پسند قرار دیا۔

وزیر خارجہ سے یہ بھی پوچھا گیا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں حالیہ بہتری کا اہم موڑ کیا تھا کیا یہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ سے بچنے میں امریکی کردار کا اعتراف ہے؟

جواب میں روبیو نے کہا کہ پاکستانی حکام نے "تعریف کی” اور یہ بھی کہا کہ اس تنازع سے پہلے ہی انہوں نے پاکستان سے رابطہ کر کے ایک اسٹریٹجک شراکت داری کی تعمیر نو میں دلچسپی ظاہر کر دی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف تعاون کی طویل تاریخ کو وسیع تر شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے۔

حال ہی میں دونوں ممالک کے تعلقات میں کئی اہم پیش رفت سامنے آئی ہیں۔پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ چار روزہ کشیدگی کو ختم کرنے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو تسلیم کیا گیا۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے رواں سال دو بار امریکہ کا دورہ کیا اور صدر ٹرمپ سے ملاقات کی ہے۔

پاکستان اور امریکہ نایاب معدنیات (Rare Earth Minerals) کی برآمد کے ایک بڑے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔اس ضمن میں امریکی کمپنی یو ایس اسٹریٹیجک میٹلز (USSM) نے ملک میں معدنی پروسیسنگ کی سہولیات کے قیام کے لیے تقریباً 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں