ہنگو میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، ایک دہشت گرد ہلاک، پولیس اہلکار زخمی

خیبر پختونخوہ کے ضلع ہنگو میں پولیس نے بروقت اور دلیرانہ کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں ایک مسلح حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں واقع بگٹو پولیس چیک پوسٹ پر پیش آیا، جہاں ایک مسلح دہشتگرد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے اس واقعے میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار ظفر عدنان زخمی ہو گئے۔ پولیس جوانوں نے کمال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کا فوری جواب دیا اور جوابی فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو خان زیب مہمند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکار ظفر عدنان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او ہنگو نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہونے تک چین سے نہیں بیٹھے گی اور امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر دم مستعد ہے۔

انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ ایس پی آپریشن اسد زبیر پر ہونے والے دھماکے کے بعد سے ضلع ہنگو کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ ان آپریشنز کا مقصد مشتبہ ٹھکانوں کی نشاندہی کرنا اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں کرنا ہے۔

ڈی پی او خان زیب مہمند نے بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس جوانوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہنگو پولیس ضلع کے امن و امان کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں