خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے آٹھ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ فائرنگ کا تبادلہ دہشتگردوں کے نصب کردہ ایک دھماکے کے بعد پیش آیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ لکی مروت کے ظریف وال گاؤں میں پیش آیا جہاں دہشتگردوں کی جانب سے نصب کردہ ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کا دھماکہ ہوا ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی ایک بڑی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی۔ جیسے ہی سیکیورٹی اہلکار علاقے کو گھیرے میں لے رہے تھے ان کا دہشتگردوں کے ایک گروہ کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
دونوں جانب سے جاری رہنے والی فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے تمام دہشتگردوں کے قبضے سے سیکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، اور دیگر جنگی ساز و سامان برآمد کر لیا ہے۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ آپریشن دہشتگردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا تھا اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے مزید سرچ آپریشن ابھی بھی جاری ہے-