بلوچستان کے ضلع نوشکی کے ایس ڈی پی او (سب ڈویژنل پولیس آفیسر) یوسف ریکی، جن کا تعلق سوراب کے علاقے سے ہے مبینہ طور پر گرگینہ کے علاقے سے لاپتہ ہو گئے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق ایس ڈی پی او یوسف ریکی گزشتہ شب اپنی نجی گاڑی میں کوتھل کے راستے سوراب میں اپنے گھر جا رہے تھے کہ گرگینہ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے انہیں اسلحہ کے زور پر اغوا کر لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ یوسف ریکی کی آخری بات چیت رات گئے اپنی اہلیہ سے فون پر ہوئی جس میں انہوں نے اپنے اغوا سے متعلق اطلاع دی۔ اس گفتگو کے فوراً بعد ان کا موبائل فون بند ہو گیا۔
اس واقعے کی تصدیق ایس ایس پی نوشکی اللہ بخش بلوچ نے بھی کی ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے مغوی کی بازیابی اور ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے (بلوچ لبریشن آرمی) ماضی میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر سرکاری عہدیداران کے اغوا میں ملوث رہی ہے جس کے پیش نظر اس واقعے میں بھی اس تنظیم کے ملوث ہونے کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔