خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کوٹ للو کے قریب سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کمپنی کی بیس کیمپ اور پروٹیکشن پر مامور ایف سی (FC PNI) کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ سرکاری ذرائع نے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی ہے۔
دہشت گردوں کی فائرنگ کے اس تبادلے کے نتیجے میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت چار بہادر جوان شہید ہو گئے، جبکہ 11 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ تاہم، حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
حکام کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں کی میتیں سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کی جائیں گی۔