جنوبی وزیرستان لوئر میں 450 پولیس اہلکار برخاست، 270 کی انکوائری جاری

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں پولیس کے نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد طاہر شاہ نے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ ڈی پی او کی زیر نگرانی اردلی روم میں کارروائی مکمل کی گئی جس کے نتیجے میں ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے 1380 اہلکاروں میں سے 450 پولیس اہلکاروں کو برخاست کر دیا گیا۔

ڈی پی او محمد طاہر شاہ نے تصدیق کی کہ برخاست کیے گئے اہلکاروں کے آرڈرز ریجنل پولیس آفس ڈیرہ کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس نظم و ضبط میں بہتری ان کی اولین ترجیح ہے اور پولیس نظام میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید براں 270 دیگر پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے ہیں جن کے خلاف محکمانہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور انکوائری جاری ہے۔ ڈی پی او محمد طاہر شاہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی سے غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ڈیوٹی نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں