پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق یہ کارروائی ہندوستانی ایجنسیوں کے زیرِ سایہ کالعدم تنظیم فِتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
بیان میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں بھارت کے حمایت یافتہ 19 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
تاہم، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران قوم کے 11 بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے اس اپریشن کے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ہونے والوں میں آپریشن میں قیادت کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف (عمر 39 سال، رہائشی ضلع راولپنڈی) اور ان کے سیکنڈ اِن کمانڈ میجر طیب راحت (عمر 33 سال، رہائشی ضلع راولپنڈی) شامل ہیں۔ دونوں افسران نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کا عظیم رُتبہ حاصل کیا۔
ان کے ساتھ شہید ہونے والے نو (9) بہادر سپاہیوں کے نام درج ذیل ہیں:
عہدہ | نام | عمر | رہائشی ضلع |
نائب صوبیدار | اعظم گل | 38 سال | خیبر |
نائیک | عادل حسین | 35 سال | کرم |
نائیک | گل امیر | 34 سال | ٹانک |
لانس نائیک | شیر خان | 31 سال | مردان |
لانس نائیک | طالش فراز | 32 سال | مانسہرہ |
لانس نائیک | ارشاد حسین | 32 سال | کرم |
سپاہی | طفیل خان | 28 سال | مالاکنڈ |
سپاہی | عاقب علی | 23 سال | صوابی |
سپاہی | محمد زاہد | 24 سال | ٹانک |
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فوج نے علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ خارجی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن شروع کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کا صفایا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی یہ عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔