بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن  کیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارت کے حمایت یافتہ سات دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

بیان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے 01 اکتوبر 2025 کو بھارتی ایجنٹ تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کا آغاز کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران پاک افواج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر موثر کارروائی کی، جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس فائرنگ کے تبادلے میں سات دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں بتایا گیا کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں کسی بھی دیگر دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا اور وہ دہشت گردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے قوم کے غیر متزلزل عزم کی ایک بار پھر تصدیق کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں