خیبر پختونخوا بنوں ریجن کے ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان نے جمعرات کے روز کمشنر بنوں ڈویژن کے ہمراہ لکی مروت کا اہم دورہ کیا اور ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں، امن کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں سول اور سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ہے۔
پولیس کے جاری بیان کے مطابق جرگے میں آر پی او بنوں ریجن اور کمشنر بنوں ڈویژن کے علاوہ جے او سی، بریگیڈیئر 155 بریگیڈ، ڈی پی او لکی مروت، ریسکیو 1122 اور دیگر سول محکموں کے نمائندے شریک ہوئے۔ پولیس کے مطابق اجلاس کا بنیادی ایجنڈا خطے میں امن کو مضبوط بنانے اور حالیہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرنا تھا۔
جرگے میں متفقہ طور پر کئی اہم اور ٹھوس اقدامات پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور اور بلا امتیاز کاروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ان کی سرگرمیوں کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
پولیس نے بتایا کہ جرگے میں دہشت گردی کے خطرات کو پیشگی ناکام بنانے کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ضلع کے داخلی و خارجی راستوں اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔
شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عوامی مقامات، تعلیمی اداروں اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
جرگے میں ریسکیو 1122 اور دیگر سول محکموں کو ہنگامی حالات میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنانے کا پابند کیا گیا تاکہ کسی بھی صورتحال میں مربوط حکمت عملی سے نمٹا جا سکے۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے، آر پی او بنوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ کمشنر بنوں نے بھی کہا کہ سول ادارے امن کے قیام میں پولیس اور فورسز کے شانہ بشانہ ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس، سیکیورٹی فورسز اور عوام مل کر دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے اور خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنائیں گے۔