ایبٹ آباد میں فاسفیٹ کان بیٹھ گئی، 3 مزدور جاں بحق جبکہ تین زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کی حدود رجوعیہ میں واقع ملکاں کے علاقے میں فاسفیٹ کی کان بیٹھ جانے سے ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں تین مزدور جاں بحق ہو گئے، جبکہ تین مزدور شدید زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹھیکیدار نواب علی کی کان میں مزدور کان کنی کے کام میں مصروف تھے کہ اچانک کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا، جس سے چھ مزدور ملبے تلے دب گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ریسکیو ٹیموں اور پولیس نے کارروائی شروع کی۔ ریسکیو کارروائی کے دوران تین مزدوروں کی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں، جبکہ تین زخمی مزدوروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

رجوعیہ پولیس کے مطابق، جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت مزمل، مفتاح اور شعیب کے ناموں سے ہوئی ہے اور یہ تینوں مزدور گلگت کے رہائشی تھے۔

زخمیوں میں ضیاء (جن کا تعلق نامعلوم ہے)، نوید ولد خواجہ (سکنہ ملکاں) اور انجم ولد جاوید (سکنہ ملکاں) شامل ہیں۔

پولیس اور مقامی امدادی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور واقعے سے متعلق مزید کارروائی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں