خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا اقدام: ڈیرہ اسماعیل خان میں ‘سیف سٹی پراجیکٹ’ اور پولیس اصلاحات کا آغاز

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈپور کی ہدایات پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان  میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور پولیس فورس کی فلاح و سہولت کے لیے بڑے منصوبوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیف سٹی بنانے کے لیے ایک جدید نگرانی کا نظام (Surveillance System) نصب کیا جا رہا ہے۔

اس پراجیکٹ کے تحت شہر کے 88 اہم مقامات پر کل 480 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ اس جدید نظام کے ذریعے جرائم اور دہشت گردی کی سرگرمیوں پر مؤثر طریقے سے نظر رکھی جا سکے گی۔

وزیراعلی ہاوس سے جاری بیان کے مطابق امن و امان کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے، ڈیرہ میں سات پولیس تھانوں کی تعمیرِ نو کا کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ، دیگر نئے تھانے بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ انتظامی امور اور ٹریفک کنٹرول کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک ہیڈکوارٹرز، ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اور ایک فسیلیٹیشن سنٹر بھی قائم کیا جائے گا۔

ڈی آئی خان  کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے لیے، ڈیرہ ٹانک روڈ پر چھ اور درازندہ روڈ پر چار نئی پولیس چوکیوں کی تعمیر بھی جاری ہے۔

وزیراعلی ہاوس کے بیان کے مطابق پولیس فورس کی فلاح و بہبود اور سہولت کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈیرہ پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے پولیس فورس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان میں 600 اور پڑوسی ضلع ٹانک میں 200 نئے کانسٹیبلز کی بھرتی کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ سکیورٹی کی صورتحال بھی بہتر ہوگی۔

بیان کے مطابق یہ اقدامات ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے شہریوں کے لیے محفوظ اور بہتر انتظامی ماحول فراہم کرنے کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں