سندھ میں پولیو کے 2 نئے کیسز، ملک بھر میں تعداد 29 ہوگئی

اسلام آباد: نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے پیر کے روز تصدیق کی ہے کہ سندھ کے اضلاع بدین اور ٹھٹھہ سے پولیو وائرس کے دو نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے ملک بھر میں رواں سال پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 29 اور صوبہ سندھ میں کیسز کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ یہ پیش رفت سندھ کے ضلع حیدرآباد میں ایک کیس کی تصدیق کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔

دونوں نئے پولیو کیسز کا شکار بچیاں ہیں۔ملک میں 2025 کے دوران پولیو کیسز کا صوبائی ریکارڈ کچھ یوں ہےکہ  خیبر پختونخواہ میں 18 ، سندھ میں 9، پنجاب میں 1 جبکہ گلگت بلتستان میں 1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔

پاکستان اور افغانستان ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو اب بھی مقامی سطح پر موجود ہے۔ سیکیورٹی مسائل، ویکسین سے گریز اور غلط معلومات کے سبب وائرس کے خاتمے کی کوششوں میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔

این آئی ایچ کے مطابق رواں ماہ بدین اور ٹھٹھہ سمیت ملک کے 88 اضلاع میں ایک ذیلی قومی پولیو مہم چلائی گئی تھی جس میں تقریباً 21 ملین پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائے گئے۔

اگلی ملک گیر قومی پولیو مہم 13 سے 19 اکتوبر تک منعقد ہوگی، جس کا ہدف تقریباً 45.4 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہے۔ اس مہم کے دوران بچوں کی قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے پولیو ویکسین کے ساتھ وٹامن اے بھی دیا جائے گا۔ 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گے۔

پولیو ایک انتہائی متعدی اور لاعلاج مرض ہے جو عمر بھر کی معذوری (فالج) کا سبب بن سکتا ہے۔ اس سے تحفظ کا واحد مؤثر ذریعہ ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو بار بار منہ کے ذریعے پولیو ویکسین کے قطرے پلانا ہے، ساتھ ہی دیگر ضروری حفاظتی ٹیکوں کے کورس کو بھی بروقت مکمل کرانا لازمی ہے۔ والدین اور نگہداش کنندگان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے تمام تجویز کردہ خوراکیں یقینی بنائیں۔

گزشتہ سال (2024) ملک میں کم از کم 71 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے، اور وائرس کی موجودگی تقریباً 90 اضلاع میں پائی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں