خیبر پختونخواہ کے ضلع کرم کے علاقے وسطی کرم میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اورکزئی قبائل کے رہنما حسین خان اورکزئی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، حسین خان اورکزئی وسطی کرم کے علاقے پستونی سے موٹر سائیکل پر سوار تھے جب فتح خان کرونہ کے علاقے میں ان پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں حسین خان اورکزئی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے، تاہم فوری طور پر کسی گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ وسطی کرم میں گزشتہ کئی ماہ سے فائرنگ اور دہشتگردی کے دیگر واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ان بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر مختلف علاقوں میں وقتاً فوقتاً فورسز کی کاروائیاں بھی جاری ہیں۔