ایشیا کپ 2025: ٹرافی لینے سے انکار، بھارت اور پی سی بی میں شدید تنازعہ

ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر چیمپئن بننے والی بھارتی کرکٹ ٹیم نے اتوار کو پوسٹ میچ تقریب کے دوران ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

یہ متنازعہ اقدام مبینہ طور پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) کی ہدایات پر کیا گیا کیونکہ ٹیم نے ٹرافی ایشین کرکٹ کونسل (ACC) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے چیئرمین محسن نقوی کے ہاتھ سے لینے سے صاف انکار کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق، محسن نقوی اپنے فیصلے پر قائم رہے اور انہوں نے خود ٹرافی پیش کرنے کا ارادہ ترک نہیں کیا۔ دوسری جانب، بھارتی ٹیم کی جانب سے دباؤ ڈالنے کے باوجود، نقوی نے ان کے مطالبات کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا۔ اس کشیدگی کی وجہ سے، تقریب بغیر کسی فاتح ٹیم کو ٹرافی دیے ہی اختتام پذیر ہوگئی۔ پریزینٹر سائمن ڈول نے تصدیق کی کہ انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم آج رات اپنے اعزازات وصول نہیں کرے گی۔

بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو نے میچ کے بعد صحافیوں کے سوالات کا سامنا کیا مگر وہ ٹرافی کے حوالے سے گول مول جوابات دیتے رہے۔ انہوں نے کہا، "ہمیں ٹرافی کے بارے میں کبھی کچھ نہیں بتایا گیا۔ ہم نے ٹرافی کو روح میں محسوس کیا۔” یہ بھی ایک شکایت کی کہ اپنے کیریئر میں انہوں نے کبھی نہیں دیکھا کہ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی نہ ملی ہو۔

اس سے قبل، کپتان یادو فائنل کے ٹاس پر بھی پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے مصافحہ کرنے سے تیسری بار انکار کر چکے تھے، جس نے میدان سے باہر جاری تناؤ کو مزید اجاگر کیا۔

دوسری طرف، پاکستان کے کھلاڑیوں نے ہارنے کے باوجود تقریب میں حصہ لیا اور رنرز اپ کے میڈلز وصول کر کے کھیلوں کے جذبے (Sportsmanship) کا مظاہرہ کیا۔ اس سارے واقعے نے کرکٹ حلقوں میں شدید توجہ حاصل کر لی ہے اور کھیل میں سیاست کے ملوث ہونے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں