بلوچستان کے ضلع مستونگ کے ڈی ایس پی رفیق حمزہ گزشتہ روز راستے میں لاپتہ ہو گئے ہیں، جس کے بعد ان کے اہل خانہ اور حکام میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی رفیق حمزہ اپنی مرحومہ والدہ کی تدفین اور تین روزہ فاتحہ خوانی میں شرکت کے بعد اپنے آبائی گاؤں شریکئی مشکے ضلع آواران سے واپس حب چوکی آئے تھے۔ وہیں سے وہ کل دوپہر تقریباً 12 بجے اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لیے مستونگ کے لیے روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق آخری اطلاعات تک وہ علاقے سوراب تک پہنچ چکے تھے، تاہم اس مقام کے بعد سے ان کا کوئی رابطہ اپنے اہل خانہ یا حکام سے نہیں ہو سکا ہے۔ مزید یہ کہ ان کے موبائل نمبر بھی بند آ رہے ہیں۔
ڈی ایس پی رفیق حمزہ کے لاپتہ ہونے کے بعد ان کے اہل خانہ نے حکام سے فوری اقدامات اٹھانے اور ان کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنانے کی پر زور اپیل کی ہے۔ حکام معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ڈی ایس پی کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔