خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین بنوں کے زیر اہتمام پیسکو ملازمین کے اغواء کے خلاف احتجاجی دھرنا مسلسل جاری ہے۔ ملازمین نے اپنے پانچ ساتھیوں کی رہائی کے لیے گزشتہ سات روز سے واپڈا کالونی بنوں میں دفاتر کی تالہ بندی کر رکھی ہے۔
جمعہ کے روز ملازمین نے اپنے ساتھیوں کی فوری بازیابی کے لیے ڈی آئی خان روڈ پر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں مغویوں کے لواحقین اور معصوم بچے بھی شریک ہوئے۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
چند دن قبل بنوں کے علاقے پیردل خیل سے مبینہ عسکریت پسندوں نے واپڈا کے پانچ ملازمین کو اغواء کر لیا تھا۔
مظاہرے کے شرکاء نے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "ہم تو خدمت گار لوگ ہیں، آخر کس گناہ کی پاداش میں ہمارے ساتھیوں کو اغواء کیا گیا ہے؟”
یونین رہنماؤں اور لواحقین نے حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا کہ "ان معصوم بچوں کی خاطر مغویوں کو فی الفور رہا کیا جائے یا حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد بازیاب کرائے۔” ملازمین نے دھمکی دی ہے کہ جب تک ان کے ساتھیوں کو رہا نہیں کیا جاتا، ان کا احتجاج اور دفاتر کی تالہ بندی جاری رہے گی۔