وزیراعظم شہباز شریف کی ٹرمپ سے پُرجوش ملاقات: ‘مردِ امن’ کا خطاب، پاک-امریکا تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک پُرجوش ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں "مردِ امن” قرار دیا جو دنیا بھر میں تنازعات ختم کرنے کی مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔ 

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق، شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے دلیرانہ اور فیصلہ کن اقدامات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کو ممکن بنایا، اور یوں جنوبی ایشیا کو ایک ممکنہ بڑی تباہی سے بچا لیا۔ 

وزیراعظم نے غزہ میں جنگ کے فوری خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کی بھی تعریف کی، خاص طور پر مسلم دنیا کے اہم رہنماؤں کو نیویارک میں ایک جامع تبادلہ خیال کے لیے مدعو کرنے کے اقدام کو سراہا۔ ملاقات میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے ٹیرف معاہدے پر بھی ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا گیا۔

ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں، وزیراعظم نے پاکستان-امریکا شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زراعت، آئی ٹی، معدنیات، اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ملاقات سے قبل، صدر ٹرمپ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز اور فیلڈ مارشل منیر کو "عظیم” شخصیات قرار دیا۔ ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب صدر جے ڈی وینس بھی موجود تھے۔ 

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسے پاکستان کی کامیابیوں سے بھرپور سال قرار دیتے ہوئے بھارت پر فتح، سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے، اور پاک-امریکا تعلقات میں بے مثال پیش رفت کو "ہائبرڈ نظام” کی کامیابی کا ثمر قرار دیا ہے۔ تجزیہ کاروں نے اس ملاقات کو جیو-اسٹریٹیجک تعلقات سے جیو-اکنامکس کی طرف ایک اہم تبدیلی قرار دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔

متعلقہ خبریں

مزید پڑھیں